راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے، مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے 2024 میں مختلف آپریشنز کے دوران 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ سیکڑوں گرفتار ہوئے، آپریشنز میں 27 افغان دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 169سے زیادہ اآپریشنز کیے جارہے ہیں، دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا گیا، آ پریشنز کے دوران دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا، بلوچ دہشتگردوں کے انتہائی مطلوب سرغنہ کو بھی جہنم واصل کیا گیا، دہشتگرد معصوم لوگوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے نوجوانوں کو استعمال کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ 14مطلوب دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا، سال 2024میں 383بہادر آفیسرز اور جوانان نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم مسلح افواج کے بہادر سپوتوں اور لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کی یہ جنگ آخری دہشتگرد، خوارج کے خاتمے تک جاری رہے گی۔