اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی نے ملکی اکانومی کا سائز ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کیلئے فریم ورک تیار کر لیا۔
منصوبے کے مطابق فائیو ایز پلان کے تحت ایکسپورٹ، ٹیکنالوجی، کلائمیٹ چینج، انرجی اور انفراسٹرکچر پر کام کیا جائے گا، فائیو ایز پلان سے 2047 تک پاکستان کی اکانومی کو دنیا کی صف اول کی اکانومی بنایا جائے گا۔
ملکی معیشت کی بہتری کیلئے وزارت منصوبہ بندی کے پلان کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کیا جائے گا، 2024 سے لیکر 2029 تک کا فریم ورک ملکی اکانومی کو ٹھوس بنیاد فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے دنیانیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائیو ایز پلان کے تحت ایکسپورٹ بڑھا کر گروتھ حاصل کی جائے گی، آنے والے دور میں وہی ملک کامیاب ہو گا جس کی ٹیکنالوجی کامیاب ہو گی، آئندہ 10 برسوں میں پاکستان کو ٹیکنالوجی پر شفٹ کرنے کیلئے فریم ورک تیار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ہونے والے شدید ممالک میں شامل ہے، واٹر اور فوڈ سکیورٹی پر ماہرین کیساتھ ملکر فریم ورک تیار کیا گیا ہے، انرجی اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر خطے کے دیگر ممالک کیساتھ جوڑا جائے گا، تعلیم، صحت اور آبادی کے شعبوں پر توجہ کیلئے فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔