لاہور: ماحولیاتی بہتری اور سموگ سے بچاؤ کیلئے پنجاب حکومت نے لاکھوں ایکڑ بیکار پڑی زمین پر زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے کی تمام سرکاری و نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر فوکس کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، درختوں اور شجر کاری میں اضافے سے فضائی آلودگی کا خاتمہ کیا جائے گا، آکسیجن کی مقدار بڑھے گی، یہ منصوبے سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے مختصر، درمیانی اور طویل المدتی وژن کا حصہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں درختوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، شہروں کے اندر اور تمام شاہراہوں کے کنارے درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، لاہور کے گردونواح میں درختوں کا وسیع حفاظتی دائرہ بنانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے ، درخت بڑھیں گے تو انسانی سانس چلے گی، عوام اور اداروں کو مل کر یہ جہاد کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ خراب گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چلنے دیں گے، گاڑی کا سرٹیفائیڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) کی جانب سے صنعتی یونٹس، بھٹوں پر چھاپوں اور خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہے، زائد دھوئیں والی گاڑیوں کی پڑتال کی جارہی ہے،اب تک 46 لاکھ روپے سے زائد کے ریکارڈ جرمانے کیے جا چکے ہیں۔