کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کااعلان کردیا جس کے مطابق شرح سود میں 2.5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری مانیٹری پالیسی بیان کے مطابق شرح سود میں 2.5 فیصد کمی کی گئی جس کے بعد شرح سود 17.5 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد ہوگئی ہے۔
مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ شرح سود میں 250 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی ہے، مہنگائی توقع سے زیادہ تیزی سے کم ہوئی ہے اور اکتوبر میں اپنے وسط مدتی ہدف کے قریب پہنچ گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے نئے پروگرام کی منظوری دی جس سے غیر یقینی کیفیت کم ہوئی ہے اور مجوزہ بیرونی رقوم کی آمد کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق موجودہ شرح سے معاشی استحکام کو تقویت ملے گی اور پائیدار بنیاد پر معاشی نمو حاصل کرنے میں مدد ملے گی، نئی شرح سود کا اطلاق 5 نومبر سے ہوگا۔