Media Network Pakistan
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
بشریٰ بی بی کی رہائی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے کی گئی، رہائی کا عمل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے کمرے میں مکمل کیا گیا، بشریٰ بی بی کو سخت سکیورٹی حصار میں جیل سے روانہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواست ضمانت منظور ہوئی تھی، آج احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی، رہائی کی روبکار موصول ہونے پر اڈیالہ جیل حکام نے بشریٰ بی بی کو رہا کیا۔
بشریٰ بی بی نے مجموعی طور پر 9 ماہ کا عرصہ جیل میں گزارا، بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی، سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل میں آکر گرفتاری دی تھی۔