اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے عوام کو جلد عدالتوں سے انصاف ملے گا، ترمیم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مؤثر ثابت ہوگی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت سے پارلیمنٹ نے منظور کی، آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، آئینی ترمیم ترقی، خوشحالی، معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے کیسز سالوں سے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، انصاف نہیں ملتا، آئینی بنچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی، 2006 میں شہید بینظیر بھٹو اور نوازشریف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، یہ اس وژن کی بھی تکمیل ہے اور اس وژن کی سچائی کی گواہی ہے، اب بھی تمام سیاسی رہنماؤں سے اس ترمیم پر طویل مشاورت ہوئی، انتھک محنت اور مشاورت کے بعد ہر آئینی شق پر بات ہوئی اور ڈرافت منظور کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے بہت مؤثر اور مثبت ثابت ہوگی، جنہوں نے مدد کی ان تمام سیاسی لیڈران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، میرے قائد نوازشریف کی پوری رہنمائی اور مدد حاصل تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترمیم پر مولانا فضل الرحمان صاحب سے تفصیلی گفتگو ہوئی، ایم کیو ایم کے رہنما، اے این پی اور تمام سیاسی زعما نے بھی اس ترمیم پر مشاورت کی، تمام سیاسی زعما نے فرداً فرداً اور انفرادی معاونت کی، سینیٹ میں بل 65 جبکہ نیشنل اسمبلی میں یہ بل 225 ووٹوں سے پاس ہوا جس پر سب کا فرداً فرداً اور اجتماعی طور پر شکر گزار ہوں۔