مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، رواں ہفتے 18اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

Media Network Pakistan

اسلام آباد(ایم این پی) ملک میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں1.31فیصد اضافہ ہوا، اس سے پچھلے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں1.11فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں پچھلے تین ہفتوں سے مسلسل مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، حالیہ ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 30 روپے تک بڑھ گئی، رواں ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 34 روپے تک مہنگے ہوئے، انڈے فی درجن 19 روپے تک، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 146 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا جبکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک اضافہ ہوگیا۔
رواں ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 31 روپے، بڑا گوشت فی کلو 14 روپے، زندہ مرغی فی کلو 6 روپے تک مہنگی ہوگئی۔

اسی طرح برانڈڈ خوردنی تیل پانچ لیٹر کا ڈبا 29 روپے تک سستا بھی ہوا، برانڈڈ گھی اڑھائی کلو 14 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 93 پیسے کی کمی واقع ہوئی۔ رواں ہفتے تازہ دودھ، خشک دودھ اور دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں