پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات بہت اہم ہیں: سفیر کرغزستان

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کرغزستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، سابق سینئر نائب صدور کاشف یونس مہر، امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران راجہ حسن اختر، جبار خالد، صدر کرغز ٹریڈ ہاو¿س ڈاکٹر شاہد حسن اور لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر حسنین رضا مرزا بھی اجلاس میں موجود تھے۔ سفیر نے یہ بھی بتایا کہ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر کو کرغزستان کا اعزازی قونصل جنرل مقرر کیا گیا ہے ، لاہور میں کرغز ٹریڈ ہاﺅس اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول اور قوانین سازگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاروباری فورمز تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، آنے والے سالوں میں مزید فورمز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ سفیر نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کے زراعت، فارماسیوٹیکل اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان، چین، کرغزستان اور قازقستان کے درمیان چار فریقی تجارتی راہداری معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چین، کرغزستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے روابط پر بھی روشنی ڈالی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دیرپا اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے مارکیٹوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات بشمول ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، آٹو موٹیو پارٹس، پروسیسڈ فوڈ اور انجینئرنگ کی کرغزستان میں بڑی گنجائش ہے۔ دونوں ممالک سیاحت، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پندرہ ہزار سے زائد پاکستانی طلبا کرغزستان میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، دونوں ممالک تعلیم کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کو سی پیک کے ذریعے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ کاشف انور نے کہا کہ تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک مضبوط پلان آف ایکشن کی ضرورت ہے ،اس سلسلے میں تجارت اور سرمایہ کاری پر مشترکہ ورکنگ گروپ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ دونوں فریقین کو ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینا چاہیے کیونکہ شاہراہ قراقرم کی سال بھر رسائی ٹرانزٹ ٹریڈ کو آسان بنانے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے متعلقہ سفارت خانوں کے کمرشل سیکشنز کو اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے حکومت پاکستان کی جانب سے قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل کا بھی تذکرہ کیا اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست پروازیں، تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں میں شرکت باہمی تجارت کے فروغ میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں