لاہور(ایم این پی) لاہورپولیس کے شہید اہلکار کانسٹیبل محمدارشد کی نماز جنازہ قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی ہے۔شہیدکانسٹیبل محمدارشد نے اچھرہ تھانے میں تعیناتی کے دوران شمالی چھاؤنی کے علاقہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں جام شہادت نوش کیا۔آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر اے این ایف پنجاب بریگیڈئیر سکندر حیات، سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی سی آئی اے کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشور، ڈی آئی جی ایڈمن منتظر مہدی، ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا، ایس ایس پی ڈسپلن صہیب اشرف اور دیگر سینئر افسران و اہلکاران کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ ادا کی۔سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل محمد ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور کانسٹیبل محمد ارشد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔ اس موقع پرپولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل محمدارشد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی فرض شناسی کو سراہا۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہید کانسٹیبل محمدارشد نے اپنی جان قربان کرکے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ شہید کانسٹیبل محمدارشد لاہور پولیس کا قیمتی سرمایہ اور بہادری و فرض شناسی کی روشن مثال ہیں۔ شہید کانسٹیبل محمدارشد کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ پولیس شہید کانسٹیبل محمدارشد کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال اور بھلائی کو یقینی بنائے گا۔
لاہورپولیس کے شہید اہلکار کانسٹیبل محمدارشد کی نماز جنازہ قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی
Media Network Pakistan