اسلام آباد (ایم این پی) سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کی وطن واپسی کیخلاف کیس کھلی عدالت میں لگانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ نے چیمبر اپیل میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کر دیئے۔جسٹس یحیی آفریدی نے ان چیمبر اپیل پر سماعت کی ۔ افغان شہریوں کی وطن واپسی کے خلاف کیس کھلی عدالت میں لگانے کا حکم دے دیا۔ فرحت اللہ بابر سمیت دیگر نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی روکنے کیلئے درخواست دائر کی تھی۔
رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی ۔ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل دائر کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ 08 نومبر کو حکومت نے افغان مہاجرین کے رجسٹریشن کارڈ کی مدت میں 6 ماہ توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔
نگران حکومت نےرجسٹرڈافغان مہاجرین کیلئے رجسٹریشن کارڈکی مدت میں6 ماہ توسیع کافیصلہ کیا ، اس حوالے سے نگران وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری پر منظوری دی، پی او آر میں توسیع کا اطلاق رجسٹرڈ افغان مہاجرین اور ان کے فیملی ممبرز پر ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے پی او آر کی مدت بڑھانے کی سفارش کی تھی، ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ نے پی اوآرکی مدت میں 31 دسمبر 2023 تک توسیع کی تجویز دی، پی او آر میں توسیع کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے 31 دسمبر 2023ء کیلئے ہوگا کیوں کہ رجسٹرڈافغان مہاجرین کیلئے رجسٹریشن کارڈکی مدت30 جون2023 کو ختم ہوگئی تھی، اس وقت پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 13 لاکھ سے زائد بتائی گئی ہے۔