لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیری اتھارٹی (نیپرا) کے اسٹیک ہولڈرز کے وسیع تر مفاد میں نیٹ میٹرنگ کے عمل کو آسان بنانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے یہ معاملہ اٹھایا اور متعلقہ اتھارٹیز کو تحفظات سے آگاہ کیا کہ نیٹ میٹرنگ کے لیے صارفین کی درخواستوں پر کارروائی نہیں ہورہی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ اہل صارفین کی نیٹ میٹرنگ کی تمام درخواستوں پر بغیر کسی امتیاز کے ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے۔مزید یہ کہ نیپرا نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ درخواستوں کی پروسیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے صارفین پر قابل اجازت فیس کے علاوہ کوئی اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا مشکور ہے جس نے فوری ردعمل کا اظہار کیا ۔ اس سے نہ صرف متبادل توانائی کے صارفین کو انتہائی ضروری ریلیف ملے گا بلکہ یہ ایک قومی خدمت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا کا یہ قدم لوگوں کو توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف راغب کرے گا جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے ذرائع کا فروغ ناگزیر ہے کیونکہ تھرمل جیسے روایتی وسائل پر انحصار پاور سیکٹر میں بحران اور یوٹیلیٹی کی بلند قیمتوں کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے ہمیں ابھی سے آنے والے دنوں کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور زیادہ قیمتوں کے پیش نظر دیگر ذرائع کی طرف جانا ہوگا۔
لاہور چیمبر کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کے متعلق نیپرا کے فیصلے کا خیر مقدم
Media Network Pakistan