لاہور(ایم این پی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے لاہور چیمبر کے تاریخی دورہ کے موقع پرکہا ہے کہ تاجر معیشت کے اہم سٹیک ہولڈرز ہیں۔ تمام پالیسیاں ان کی مشاورت سے بننی چاہئیں۔ سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف ، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم نواز،سابق وزراءاحسن اقبال، خرم دستگیرمریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدو ر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور معیشت کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ نواز شریف نے کہا کہ چیمبرمیں پہلے سے کئی گنا بہتری دیکھ کر اچھا لگا۔ معیشت ، انڈسٹری، سیاسی و معاشرتی حالات جاندار ہونگے تو چیمبر اور تاجر برادری بھی جاندار ہونگے۔ لاہور چیمبر تاجروں کے مسائل حل کروانے کے لیے گرانقدر کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرہم ترقی کرنا چاہتے ہیں تو لاہور چیمبر اور تاجر برادری کی آواز سننا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کاروبار نہیں چل سکتے اور عوام کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ 2013 میں بھی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا تھا۔اگر اللہ تعالی نے موقع دیا تو ملک کے معاشی حالات بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں حکومت میں آنے پر تیار نہیں تھے لیکن پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا ضروری تھا جس میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفاد کے لئے بے خوف ہو کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے ہی نجکاری اور لبرالائزیشن شروع کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پرامن بنایا، ضربِ عضب اور ردالفساد آپریشن کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف پروگرام ہم نے مکمل کیا، ہم سی پیک لے کر آئے، تھر کے کوئلے کو نکالنے اور پھر اس سے بجلی بنانے کے منصوبے بنائے۔نواز شریف نے کہا کہ اس وقت ملک اور عوام کو درپیش تمام مسائل پر ہماری نظر ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موجودہ اور سابق عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شہباز شریف اور اسحاق ڈار لاہور چیمبر کے صدور بھی رہ چکے ہیںاور صنعت وتجارت اور معیشت کے مسائل اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1990ءمیں جب وہ پہلی مرتبہ وزیراعظم بنے تو نہوں نے اکنامک ریفارم آرڈر دیا جس پر کاروباری برادری نے حوصلہ افزا ردعمل دیا۔ یہ اتنا کامیاب رہا کہ ہندوستان نے بھی سرتاج عزیز سے اس کی کاپی مانگی۔ ہم نے 90میں ہی معاشی اصلاحات کا آغاز کردیا تھا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے لاہور چیمبر آنے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار لاہور چیمبر کے سابق صدور بھی ہیں۔ شہباز شریف نے بطور وزیرِ اعظمIMFکے ساتھ معاہدے کو فائنل کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا وہ قابل ستائش ہے۔ ان کی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا وہ بہترین تھا لیکن بعد ازاں ان میں سے کچھ فیصلے واپس لینے پڑے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ بھی موجود تھے۔
نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم نواز ، اسحاق ڈار کا تاریخی دورہ لاہور چیمبر
Media Network Pakistan