ممبئی(ایم این پی)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے گھر میں برتن دھونے کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کے مقبول ترین گیم شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 15ویں سیزن کی حالیہ قسط میں اداکار نے شو کے کنٹسٹنٹ سے اُس کی ملازمت کے بارے میں سوال کیا۔
امیتابھ بچن کے پوچھنے پر ہرش نامی کنٹسٹنٹ نے کہا کہ “میں اپنے والد کا کاروبار سنبھالتا ہوں، ہم پلاسٹک کے دھاگے بنانے کا کاروبار کرتے ہیں جوکہ صفائی کے کام میں استعمال ہوتے ہیں”۔
کنٹسٹنٹ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے امیتابھ بچن سے پوچھا کہ “کیا آپ نے کبھی برتن دھوئے ہیں؟ یا صفائی کا کوئی کام کیا ہے؟”
اس سوال کے جواب میں امیتابھ بچن نے کہا کہ “ہاں، ہاں، میں نے بہت بار برتن دھوئے ہیں، باورچی خانہ بھی صاف کیا ہے اور بیسن (برتن دھونے والا سِنگ) بھی بہت بار صاف کیا ہے”۔
امیتابھ بچن نے ہرش سے پوچھا کہ ” تمہیں کیوں لگتا ہے کہ میں نے یہ کام کبھی نہیں کیے؟”۔
واضح رہے کہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ بھارتی ٹیلی ویژن کا مقبول ترین گیم شو ہے جو گزشتہ 23 برس سے ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔