لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر صالح محمود کی قیادت میں پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ ایسوسی ایشن کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عدنا ن خالد بٹ نے کہا کہ ایسوسی ایشن پاکستان کے بڑے شعبو ںمیں سے ایک لائیوسٹاک سیکٹر سے وابستہ ہے جس کے پیش نظر اس کو درپیش مسائل کا فوری حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبہ سے متعلق پالیسی سازی کے عمل میں ایسوسی ایشن کو شامل مشاورت کرے۔ وفد نے لاہور چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا کہ پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن جانوروں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے ممبران اس حوالے سے بہترین خدمات مہیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن، پاکستان بھر میں علاقائی اور قومی سطح پر جانوروں کی صحت سے متعلق کام کرنے والی کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہیں جن میں درآمد کنندگان، ویٹرنری فارماسیوٹیکلز، نیوٹراسیوٹیکلز، ویکسینز اور دیگر جانوروں کی صحت کی مصنوعات ڈیل کرنے والی کمپنیاں شام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن لائیوسٹاک اور پولٹری انڈسٹری کے لیے معیاری فارماسیوٹیکل مصنوعات و خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ڈاکٹر سید ماجد اعجاز اور میاں شاہد مرحبا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں: عدنان خالد بٹ
Media Network Pakistan