مالاگا(ایم این پی)اسپین میں ایک شہری نے اپنے گھر میں آئے پلمبر کو اس وقت ڈاکے کا الزام عائد کرکے گن پوائنٹ پر یرغمال بنالیا جب اس نے پائپ ٹھیک کرنے کے بعد زیادہ مزدوری کا مطالبہ کیا۔
اسپین کے شہر مالاگا میں ایک مقامی شخص کو بندوق کی نوک پر پلمبر کو یرغمال بنانے پر گرفتار کیا گیا۔ تحقیق پر پتہ چلا کہ پلمبر نے گھر کا پائپ ٹھیک کرنے کے بعد مزدوری کا مطالبہ کیا جو ملزم کے نزدیک زیادہ تھی اور اس نے پلمبر پر ڈاکا ڈالنے کا الزام عائد کرکے اسے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔
واقعے کے مطابق نامعلوم پلمبر کو ایک شہری کی طرف سے کال موصول ہوئی جس میں اس کے گھر میں پانی کے ٹوٹے ہوئے پائپ میں مدد کی درخواست کی گئی۔ پلمبر نے اس شخص کے گھر پہنچ کر اور مسئلے کو دیکھ کر لاگت کا تخمینہ دیا جس سے آدمی غصے میں آگیا اور گن لاکر اس نے پلمبر پر تان لی اور قتل کی دھمکی دی۔
حملہ آور کے پڑوسیوں نے اپارٹمنٹ کی کھڑکیوں سے اونچی آوازیں سننے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔ جب پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور شہری سے یرغمالی کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا تو شہری نے انکار کر دیا اور دھمکی دی کہ اگر کوئی اس کے قریب بھی آیا تو وہ پاس رکھے سلینڈر کو دھماکے سے اڑا دے گا۔
تاہم پولیس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو غیرمسلح کرکے اسے فوری طور پر گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف مضبوط شواہد ہیں جس کی بنیاد پر ملزم کو طویل مدتی قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔