مٹھی (ایم این پی) سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے کمروں میں بیٹھ کر منصوبے بنا رہے اور الیکشن رزلٹ ڈکلیئرکرا رہے ہیں، ان لوگوں کوعوام 8 فروری کو جواب دیں گے، عوام اس بار کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے، عوام نے 5 سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے، ہمیں آگے جا کر کوئی سلیکٹڈ راج قبول نہیں ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے تھر واسیوں کے ساتھ دیوالی منا رہا ہوں، پیپلز پارٹی برابری پر یقین رکھتی ہے، محترمہ نے ہمیں برابری کی سیاست سکھائی ہے، ذوالفقارعلی بھٹو نے ایک ساتھ چلنے کی سیاست سکھائی ہے، رنگ و نسل میں کسی بھی فرق پر یقین نہیں رکھتے، ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے، کچھ لوگ تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، نفرت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو رد کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس کا سب سے بڑا ثبوت تھرپارکر کے عوام ہیں، بطور نوجوان وزیر خارجہ جہاں جاتا تھا تھرپارکر کا ذکر کرتا تھا، پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی میڈیا میں غلط فہمی موجود ہے اس کا جواب تھرپارکر کے عوام ہیں، بھٹو جب بھارت پہنچا تھا وہاں بھی مجھے اپنا تھرپارکر یاد آیا، وہاں جو مودی کی حکومت ہے وہ بھارت میں کسی بھی اقلیت کی نمائندگی نہیں کرتی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ الیکشن شیڈول تو ابھی تک نہیں آیا، ہماری الیکشن کمپین باقاعدہ ابھی شروع نہیں ہوئی، تھرپارکر کے عوام نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 8 فروری انتخابات کا دن ہو گا، 8 فروری کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ نکلیں گے تو تیر کی جیت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تاریخ رقم کی ہے کہ مہیش ملانی پاکستان کی جنرل سیٹ پر قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوا، بھارت کی سرزمین پر میں نے مودی سے سوال کیا کہ اپنے پارلیمان میں کسی ایک جنرل اسمبلی کی سیٹ پر اقلیتی کی نمائندگی بتائیں؟ جو ہمارے خلاف سازش کرتے ہیں، ان کا جواب پیپلز پارٹی ہے، 8 فروری کو انتخاب کا دن ہوگا اور اس دن میرے تھرپارکر کے بھائی بہن اسی میدان میں اسی جذبے کے ساتھ نکلیں گے تو تیر کی جیت ہو گی۔