لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے افکار سے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے ایک سیمینار منعقد کیاجس میں ماہرین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، محمد عارف حجازی، فکر اقبال فورم کے صدر خواجہ وحید، میجر جنرل قاسم قریشی اور بریگیڈیئر جنرل وحید الزماں طارق نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال عظیم شاعر اور مفکر تھے۔ اقبال کے تصور انسانیت کی آج پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے بھائی چارے اور انسان دوستی کا شاندار درس دیا ہے جو پوری انسانیت کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال نے افراد اور قوموں کو فرقوں سے بالاتر ہو کر انسانیت اور برادری میں برابری کے ساتھ کام کرنے کا درس دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال محبت اور انسانیت کے شاعر ہیں اور علامہ نے مملکتوں کو جوڑنے کے لیے جو کاوشیں کیں وہ بہت اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال نہ صرف ایک آفاقی شاعر تھے بلکہ بے مثال فلسفی، سیاسی رہنما اور انسانی اخلاقیات اور اقدار کے محافظ تھے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفے سے روشناس کرانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال صرف ایک شاعر، ادیب، فلسفی اور سیاسی شخصیت ہی ہیں بلکہ ماہر تعلیم اور بہترین قانون دان بھی تھے۔
لاہور چیمبر میں علامہ اقبال کے افکار پر سیمینار
Media Network Pakistan