لاہور(ایم این پی)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس آفس میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہور نے دونوں ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔بلال صدیق کمیانہ نے ایس ایچ اوز ریس کورس،گڑھی شاہو، لٹن روڈ، شالیمار اورلوئر مال کو وارننگ دیتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جو افسر پرفارم نہیں کرئے گا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ سی سی پی او لاہورنے موٹر سائیکل چوروں اور موبائل سنیچرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں، بدمعاشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس فورس کوجرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز کرنے کا حکم دیتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ اشتہاریوں سے ریکوری یقینی بنائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے تمام ڈویژنل افسران کو اپنی متعلقہ ڈویژنزکے پولیس سٹیشنز کا باقاعدگی سے وزٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پولیس اسٹیشن میں زیر ِ التوا درخواست نہیں ہونی چاہیے، ایس ایچ اوشہریوں کی شکایات پر حسب ضابطہ کارروائی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی حراست،اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے نارواسلوک کسی صورت برداشت نہیں۔ افسران و اہلکارشہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں سر انجام دیں اس سے ادارہ جاتی امیج بلڈنگ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض دیانتداری اور جانفشانی سے سر انجام دے۔ ڈی آئی جی(آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز) سید علی رضا، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی۔سول لائنز اور سٹی ڈویژن کے ایس پیز،اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)بھی اجلاس میں موجود تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس آفس میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس
Media Network Pakistan