نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کا دورہ لاہور چیمبر

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) روپے کی مستحکم قدر ، برآمدات میں اضافہ ، درآمدات کا متبادل، افراط زر اور مارک اپ کی شرح میں کمی اور چارٹر آف اکانومی پائیدار معاشی ترقی کے لیے اشد ضروری ہیں۔ اس حوالے سے ٹھوس حکمت عملی کے تحت نمایاں پیش رفت کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، پشاور کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی فیکلٹی ممبر محمد طیب کررہے تھے۔ کاشف انور نے کہا کہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر اپنا کردار بخوبی ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاجروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اچیومنٹ ریکگنیشن کی تقریب اور وومن انٹرپنیورز کے لیے ایونٹ منعقد کرنے جارہا ہے جبکہ حال ہی میں بریسٹ کینسر پر آگاہی سیمینار سمیت دیگر اہم ایونٹس منعقد کیے گئے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر کی تاریخ ایک صدی پر محیط ہے اور وہ لاہور چیمبر کے 100ویں صدر ہیں۔ یہ چیمبر ناردرن انڈیا چیمبر کے نام سے 1923میں قائم کیا گیا تھا جس کے ممبران کی تعداد آج 35ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر مختلف وفاقی و صوبائی محکموں اور وزارتوں اور سفارتی مشن کے سربراہوں کے ساتھ ملاقاتوں کے ذریعے کاروباری مواقع کی تلاش میں مصروف رہتا ہے جبکہ سٹیک ہولڈرز اور ریاست کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر کا بنیادی کام پالیسی ایڈووکیسی ہے اور یہ اپنے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کی مختلف شعبوں سے متعلق قائمہ کمیٹیوں کی ان پٹ سے ممکنہ حل کی نشاندہی کرتا ہے اور ان مسائل کے فوری حل کے لئے اعلیٰ حکومتی فورمز تک اپنی آواز پہنچائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سماجی شعبہ میں بھی بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔ لاہور چیمبرملک کا واحد چیمبر ہے جس نے اپنے ممبران کے لیے سمارٹ سروسز کا آغاز کیا ہے اور متعدد اداروں کے ہیلپ ڈیسک ایک ہی چھت کے نیچے کام کر رہے ہیں۔کاشف انور نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لئے ساز گار ماحول کا فروغ لاہور چیمبر کا بنیادی ویژن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگلے پورے سال کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمپلائنس اینڈ فیسلیٹیشن کا سال قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں