ڈپٹی سپیکر نیویارک سٹیٹ اسمبلی کی جانب سے لاہور چیمبر کا تاریخی دورہ

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فلپ راموس نے امریکن پاکستان پبلک افیئر کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا تاریخی دورہ کیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وفد کا پرتپاک استقبال اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، ڈپٹی سپیکر کے مشیر اطہر ترمذی اور چیئرمین امریکن پاکستانیز پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی اے سی) ڈاکٹر اعجاز احمد نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ڈپٹی سپیکر نیو یارک سٹیٹ اسمبلی نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ریاستوں کے مابین تعلقات قائم کرنا اور دونوں خطوں کے درمیان مختلف شعبوں بشمول زراعت، تعلیم، صحت، تجارت اور ثقافت میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیوپالیٹیکس ہوتی رہتی ہے، ہمیں اس سے ہٹ کر سوچنا اور معاشی ترقی کی بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی تاجر امریکہ کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں ان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے تجارتی میلوں، نمائشوں اور ڈائیلاگز کے لیے بھی اپنی مدد کا یقین دلایا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارمیسی، زراعت اور دیگر مختلف شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد چھوٹے کاروبار کو فروغ دینا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے دورے کے مقاصد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں خطوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ سے عالمی تعلقات کو فروغ دینے اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پرعزم رہا ہے۔کاشف انور نے کہا کہ دوسری طرف پنجاب پاکستان کے اندر بہت زیادہ سماجی اور معاشی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی جی ڈی پی اور آبادی دونوں میں پنجاب کا حصہ 50 فیصد سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور نیویارک کی ہم آہنگی ایک بہترین آئیڈیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف پنجاب کے سماجی و اقتصادی نقطہ نظر میں تبدیلی لا سکتے ہیں بلکہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں، اس سلسلے میں ڈاکٹر اعجاز احمدکا تعاون بہت اہم ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پنجاب اور نیویارک کو سسٹر سٹیٹس قرار دینا ایک بہترین قدم ہے ۔ اس سے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تبادلے اور مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پنجاب کے سرکاری حکام پر زور دیا کہ وہ نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے آفس کے ساتھ مل کر کام کریں اور اس سلسلے میں مسٹر فلپ راموس کے مشیر مسٹر اطہر ترمذی کا کردار بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والے گہرے پریشان کن واقعات کو نظر انداز کرنا ناممکن ہے۔ جاری اسرائیل فلسطین تنازعہ اور یوکرین روس جنگ کے نتیجے میں معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا ہے جس نے ہم سب کو گہری تشویش اور غمزدہ کر دیا ہے۔اس سلسلے میں متحدہ عالمی ردعمل ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں