لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے “کلاسیفائیڈ ڈائریکٹری آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری” کا اجراءکردیا ہے جس میں کاروباری ڈیٹا کی وسیع رینج موجود ہے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فریحہ یونس، راجا حسن اختر، وسیم یوسف اور سیکرٹری جنرل شاہد خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کلاسیفائیڈ ڈائریکٹری آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں 4949 مینوفیکچررز، 8737 امپورٹرز، 4984 ایکسپورٹرز، 8762 سروسز سیکٹر اور 15036 ٹریڈرز کا ڈیٹا موجود ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کا واحد چیمبر ہے جو اپنے ممبران کے لیے سیکٹر کے لیے مخصوص ڈائریکٹریز باقاعدگی سے شائع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پراجیکٹس کی طرح یہ پراجیکٹ بھی سیلف فنانس ہے اور لاہور چیمبر کی آمدن سے ان پر کوئی پیسہ خرچ نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال لاہور چیمبر کے اثاثہ جات میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ اگر کسی بیرونی فرم کے ساتھ کوئی پراجیکٹ کیا جائے تو وہ بھی صرف پرافٹ شیئرنگ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ معلومات سفارتخانوں سمیت صحیح فورمز پر پہنچانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کلاسیفائیڈ ڈائریکٹری آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ کاروباری اداروں آسانی سے مطلوبہ معلومات میسر ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ تمام معلومات کو سیکشن اور سب سیکشن میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کی تعداد پینتیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ لاہور چیمبر کی عمارت کو اس کی اصل حالت میں بحال کررہے ہیں اور لاہور چیمبر کی آمدن بڑھانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی عمارت کو توسیع دینے اور پارکنگ کی جگہ بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر نے حال ہی میں بریسٹ کینسر پر آگاہ سیمینار سمیت دیگر اہم ایونٹ منعقد کیے ہیں جبکہ جلد ہی اچیومنٹ ایوارڈز اور وومن انٹرپنیورز کے لیے ایونٹ سمیت دیگر اہم ایونٹس بھی منعقد کیے جائیں گے۔
لاہور چیمبر نے ”کلاسیفائیڈ ڈائریکٹری آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری“ کا اجراءکردیا
Media Network Pakistan