لاہور (ایم این پی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا یہ میرا مینڈیٹ نہیں ہے، ہمارا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ طالب علمی کا زمانہ آپ کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے، نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں سے بہت سی توقعات ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ درست فیصلے آپ کی ترقی اور کامیابی کے ضامن ثابت ہوتے ہیں، معیاری تعلیم کے فروغ میں لمز یونیورسٹی کا کردار قابل تعریف ہے، انسان اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتا ہے، کوشش ہوگی کہ آئندہ بھی طلبا و طالبات کے ساتھ نشستیں ہوتی رہیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت کا قیام آئینی طریقے سے عمل میں آیا، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا میرا مینڈیٹ نہیں ہے، ہمارا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن میرے وزیراعظم بننے سے پہلے تاخیر کا شکار ہو چکے تھے۔