نیویارک(ایم این پی) امریکی ماڈل بیلا حدید نے اسرائیل فلسطین کشیدگی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری خاموشی کے لیے مجھے معاف کر دیں۔
بیلا حدید، جنہیں فلسطین کی حمایت کرنے پر اپنی بہن جیجی حدید اور اہلخانہ سمیت اسرائیل کی جانب سے قتل دھمکیاں ملیں، اُنہوں نے ان دھمکیوں کے باوجود ایک بار پھر کُھلے الفاظ میں فلسطین کے حق میں آواز اُٹھا دی ہے۔
امریکی ماڈل بیلا حدید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک طویل نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میری خاموشی کے لیے مجھے معاف کردیں، میں غزہ کی صورتحال دیکھ کر صدمے میں ہوں، گزشتہ کئی دہائیوں سے معصوم فلسطینیوں کی جانیں لی جارہی ہیں، میرے پاس کہنے کے لیے بہت کچھ ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “غزہ میں فضائی حملوں کے بعد کے حالات دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، میں شدید صدمے میں ہوں، میں اُن تمام ماوْں کے لیے شدید غمزدہ ہوں جنہوں نے اپنے معصوم بچے کھودیے ہیں اور اُن بچوں کے لیے بھی دُکھی ہوں جو یتیم ہوگئے ہیں، جن کا پورا خاندان ختم ہوگیا ہے”۔
بیلا حدید نے کہا کہ “میں اُن اسرائیلی خاندانوں کے لیے بھی دُکھی ہوں جنہوں نے اس جنگ میں اپنے پیاروں کو کھودیا، میں کسی بھی شہری پر، کہیں بھی دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتی ہوں”۔