لاہور(ایم این پٰی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا ہے کہ حکومت اور افواج پاکستان کے احسن اقدامات کی بدولت معاشی معاملات میں بہتری دکھائی دیتی ہے مگر ایل سی کا نہ کھلنا، بجلی و گیس کی زیادہ قیمتوں اور مارک اپ کی زیادہ شرح جیسے مسائل پر بھی قابو پانا ضروری ہے۔ ایک بیان میںلاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ حکومت و افواج پاکستان کی جانب سے ڈالر کے خلاف کریک ڈاﺅن کی وجہ سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی اور سمگلنگ کے خلاف اقدامات کی بدولت تیس ارب روپے سے زائد مالیت کا سمگل شدہ مال ضبط کیا گیا۔ اس کے علاوہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر کنٹرول کے بھی بڑے اچھے نتائج برآمد ہوئے اور ان کی وجہ سے معاشی پہیہ کی روانی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز سے کیے ہوئے کپیسٹی چارجز کے معاہدے، ایم ڈی آئی چارجز، بجلی کے نرخوں میں اضافہ اور زیادہ مارک اپ کی وجہ سے ہم علاقائی کاسٹ وار میں پیچھے رہ جانے کی وجہ سے برآمدی آرڈرز کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل سیز کے نہ کھلنے، سپلائی چین کے فقدان، بروقت خام مال کا نہ ملنا، خام مال کی زیادہ قیمتیں ،کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس اور دن بدن صنعتی پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے کاروباری برادری بہت پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو معاشی ترقی ممکن نہیں ہوگی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کرے اور ڈالر کی قیمت مزید کم لانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کا حل ہی معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔
پائیدار معاشی ترقی کے لیے بجلی و گیس کی قیمتیں ، مارک اپ ریٹ کم کرنا ہوگا : عدنان خالد بٹ
Media Network Pakistan