احمد آباد(ایم این پی) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فتح سمیٹ لی۔
پاکستان کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم تیسرے ہی اوور میں شبمن گل شاہین شاہ آفریدی کی بال پر شاداب خان کو کیچ تھما بیٹھے، بھارتی اوپنر نے 11 بالز پر 4 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔
شبمن گل کے بعد ویرات کوہلی بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے، ویرات کوہلی 18 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار 86 رنز کی اننگز کھیلی، روہت شرما شاہین کی گیند پر کیچ تھما کر پویلین لوٹے۔
روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد شریاس اور کے ایل راہول نے جم کر بیٹنگ کی اور 30ویں اوور کی تیسری بال پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، شریاس نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہول 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔