چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات 2024میں ہونگے، ہائیکورٹ کا فیصلہ

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) تجارتی تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات سال 2024میں ہی ہونگے۔ اس ضمن میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے 18ستمبر کو جاری کردہ فیصلے میں واضح کردیا ہے کہ تجارتی تنظیموں اور چیمبرز کے انتخابات اس سال نہیں ہوسکتے اور وہ تمام ایگزیکٹو کمیٹی ممبران جن کے دو سال مکمل ہوچکے ہیں انہیں بھی ایک سال کی ایکسیٹینشن دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس ضمن میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیٹیشن دائر کی تھی جس پر اب اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔
گوجرانوالہ اور رحیم یار خان چیمبر کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس کے مطابق رواں سال یعنی 2023 میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تجارتی تنظیموں کے الیکشن نہیں ہونگے ۔ اب انتخابات سال 2024میں منعقد ہونگے۔ عدالت نے ان تمام ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کو بھی ایک سال کی مزید ایکسٹینشن دے دی ہے جو اپنی دوسالہ مدت پوری کرچکے ہیں۔ یعنی اب تمام ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات ایک ہی ساتھ سال 2024میں ہی منعقد ہونگے تاکہ رولز 2013اور 2023کے ترمیمی ایکٹ 2022کے ساتھ جو تضادات ہیں وہ ختم ہوجائیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تجارتی تنظیموں کے الیکشن کے متعلق جو افواہیں تھیں وہ تمام کی تمام دم توڑ گئی ہیں اور یہ بالکل واضح ہوگیا ہے کہ اب الیکشن سال 2024میں ہی منعقد ہونگے۔
یہ بات بھی واضح رہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشنز اور چیمبرز کے آفس بیئررز بشمول صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے متعلق ایکٹ 2022پہلے ہی واضح ہے کہ ان کی مدت دو سال ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب تمام آفس بیئررز کے ساتھ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ اب ان سب کے الیکشن 2024میں اکٹھے منعقد ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں