واشنگٹن: پاکستان میں تعیناتی کے دوران خاتون صحافی کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات اور دبئی کے امیر کا دیا گیا مہنگا تحفہ حکومت کے بجائے اپنی ساس کو دینے پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انکوائری کا سامنا کرنے والے امریکا کے سابق سفیر رچرڈ اولسن 2016ء میں ریٹائر ہوئے تھے اور انھیں ملک کا قابل ترین سفارت کار تصور کیا جاتا تھا۔
اپنے 34 سالہ سفارت کاری کے دوران رچرڈ اولسن نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں بھی خدمات انجام دیں لیکن اب ان کے خلاف محکمہ خارجہ کو بے ضابطگیوں کے ٹھوس ثبوت ملے جس نے سب کو حیران کرکے رکھ دیا۔
محکمہ خارجہ کی جانب سے جمع کراگئی دستاویز کے مطابق سابق امریکی سفیر کی ’’ڈیٹنگ‘‘ کی عادت کی وجہ سے امریکی سیکرٹس کو خطرات درپیش ہوگئے تھے جب کہ انھوں نے قیمتی تحائف بھی اپنے پاس رکھ لیے۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان میں 2012 سے 2015 تک تعیناتی کے دوران رچرڈز والسن نے متعدد خواتین کے ساتھ تعلقات استوار کیے جن میں ایک پاکستانی خاتون صحافی بھی شامل ہیں۔
رچرڈ والسن نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران نہ صرف خاتون صحافی کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات استوار کیے بلکہ سفارت کاری کے پروٹوکول کے برخلاف اُن خاتون صحافی کو کولمبیا یونیورسٹی کے گریجویٹ اسکول آف جرنلزم میں داخلہ دلوایا۔
امریکی سفیر رچرڈ والسن نے اپنی پاکستانی صحافی دوست مونا حبیب کو نہ صرف ایڈمیشن دلوایا بلکہ امریکا میں مقیم ایک پاکستانی تاجر سے 25 ہزار ڈالر ٹیوشن فیس کی مد میں اسکالر شپ بھی دلوائی۔
ایف بی آئی نے پاکستانی خاتون صحافی سے بھی اس معاملے پر تفتیش کی۔
کہا جا رہا ہے کہ امریکی سفیر نے تعلقات کے تین سال بعد پاکستانی خاتون صحافی مونا حبیب سے 2019 میں شادی کرلی تھی اور اپنی اہلیہ جو خود بھی ایک سفیر تھیں، طلاق دیدی تھی۔
علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل نے سابق سفیر رچرڈ اولسن کیخلاف اس بات پر بھی تحقیقات کیں کہ دبئی کے امیر کی جانب سے دیئے گئے 60 ہزار ڈالر کے ہیرے کے زیورات حکومت کو بتائے بغیر اپنی ساس کو دے دیئے۔
انکوائری کے دوران امریکی سفیر نے دو اعتراف بھی کیے پہلا پاکستان میں تعیناتی کے دوران خلیج فارس کی ایک سرمایہ کاری فرم میں ملازمت کے انٹرویو میں شرکت کیلئے 18؍ ہزار ڈالرز کا فرسٹ کلاس ٹکٹ لینا اور 2017 میں قطر کی حکومت کی جانب سے امریکی حکام کے خلاف غیر قانونی طور پر لابنگ کرنا شامل ہے۔
تاہم سابق امریکی سفیر پر قیمتی تحائف ساس کو دینے اور پاکستانی خاتون صحافی کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی لیکن محکمہ انصاف نے دلیل دی کہ سفیر کے یہ اقدامات غیر اخلاقی رویے کا نمونہ ہیں۔