لاہور(ایم این پی) پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 ماہ میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیے گئے، عمران خان کی حکومت میں 16 روپے میں ملنے والی بجلی 50 روپے کی ہو گئی، 86 روپے میں ملنے والی چینی 200 روپے کی ہو گئی، 1200 روپے میں ملنے والا آٹا 3 ہزار کا ہو گیا، 155 روپے کا پٹرول 305 روپے کا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ 16 ماہ میں ہونے والی مہنگائی کے اعداد و شمار پیش کردیے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 16 ماہ میں بجلی، پیٹرول کے بعد چینی سمیت اشیائے خور و نوش مہنگی ہوگئیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق 16 ماہ میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیے گئے۔ پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ 16 ماہ میں پیٹرول 150 روپے فی لیٹر مہنگا ہو کر 305 روپے پر پہنچ گیا ہے، اس دوران ڈیزل 167 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی دور میں فی یونٹ بجلی 16 روپے تھی جو آج 50 روپے تک پہنچ گئی ہے، قوم اسحاق ڈار کے لگائے گئے ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف سراپاً احتجاج ہے۔ ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی دور میں 86 روپے فی کلو والی چینی 200 روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے، اس دوران 20 کلو آٹا 1200 روپے کا تھا جو آج 3 ہزار تک پہنچ چکا ہے۔پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی کیفیت حالات کی سنگینی میں مزید اضافہ کرے گی۔ترجمان کے مطابق پاکستان کسی بھی قسم کی غیر جمہوری اور غیر آئینی کوششوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، نگراں حکومت آئین کے مطابق 90 روز کی مدت میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔
16 ماہ میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیے گئے
Media Network Pakistan