ممبئی(ایم این پی) بالی ووڈ اداکار سنی دیول کی فلم ’ غدر 2 ‘ کی غیرمعمولی کامیابی نے میگا اسٹار سے ان کی پرانی لڑائی ختم کروا دی۔
بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان اور اداکار سنی دیول کے درمیان برسوں سے چلی آرہی لڑائی سے سب واقف ہیں لیکن سنی دیول کی نئی فلم ’غدر 2‘ لڑائی کے خاتمے کا سبب بن گئی۔بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے سنی دیول کو ’ غدر 2‘ کی کامیابی پر فون کرکے مبارکباد دی۔
اداکار سنی دیول نے ایک انٹرویومیں انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان نے فون پرنہ صرف مبارکباد دی اور فلم کی تعریف کی بلکہ یہ بھی کہا کہ میں اس کامیابی کا حقدار تھا جو مجھے ملی۔
سنی دیول کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان خان نے بھی بات کی اور بتایا کہ وہ فلم دیکھیں گے اور فلم دیکھنے کے بعد انہوں نے تعریف بھی کی۔اداکار کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ سب بہت خوبصورت تھا ۔ ماضی جو ہوا سو ہوا اب زندگی میں آگے بڑھنا چاہیے۔ میں نے بھی شاہ رخ خان کو کال کی اور مختلف چیزوں سے متعلق بات کی۔