اسلام آباد (ایم این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہر یار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر معطل کرتے ہوئے دونوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شہریار آفریدی کو اسلام آباد سے باہر جانے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریار آفریدی اپنے اسلام آباد کے گھر میں رہیں گے، اگر شہریار آفریدی کو کچھ ہوا تو ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد ذمہ دار ہوں گے، شہریار آفریدی کی حفاظت یقینی بنائیں۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن اور آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان سے بیان حلفی بھی طلب کر لیا گیا۔
عدالت نے شہریار آفریدی کو ہدایت کی کہ امید کرتے ہیں جب تک یہ معاملہ عدالت میں زیر التواء ہے آپ بیان بازی نہیں کریں گے۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ میں آپ سے توقع کرتا ہوں کہ یہ کیس چلنے تک آپ کوئی بیان نہیں دیں گے، میڈیا یا سوشل میڈیا پر کوئی بیان نہیں آنا چاہیے آپ کی طرف سے۔