لاہور (ایم این پی) کینیا کے وفد کے سربراہ جیفری گیچورا مٹورا نے کہا ہے کہ کینیا روانڈا اور جنوبی سوڈان سمیت بیشتر افریقی معیشتوں کا گیٹ وے ہے جس سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ وفد کے دیگر ارکان راچیل وتیرہ میونگی اور ساجدہ پروین بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔وفد کے سربراہ نے کہا ان کے آنے کا مقصد میں کراچی میں نمائش اور تجارتی مواقع کا جائزہ لینا تھا۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ظفر محمود چوہدری نے امید ظاہر کی کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے کراچی میں منعقد ہونے والی پہلی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش میں وفد کی شرکت شاندار اور کامیاب ہوگی، پاکستان حلال گوشت، چاول، سی فوڈ، کنفیکشنری آئٹمز، مصالحہ جات پراسیس تیل/گھی، شہد اور تمباکو وغیرہ کے شعبوں میں بہت اچھا کام کررہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی خوراک کی برآمدات 5 بلین ڈالر سے زیادہ ہیں۔کینیا کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ کینیا مغرب میں چائے، کافی اور ایواکاڈو برآمد کرنے والا بڑا ملک ہے، ہم پاکستان میں اپنی مصنوعات کے لیے ایک منڈی بھی تلاش کر رہے ہیں اور خوراک خاص طور پر آلو، پیاز اور دیگر اشیائے خوردونوش کے برآمد کنندگان کو بھی تلاش کر رہے ہیں کیونکہ کینیا کو گزشتہ کئی ماہ سے خشک سالی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشینری اور دیگر متعلقہ اشیاء میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ظفر محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان اچھے سفارتی تعلقات ہیں ،دونوں ممالک دولت مشترکہ کے رکن ہیں اور مختلف بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ خیالات رکھتے ہیں۔ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارت کا حجم تقریباً 684 ملین ڈالر ہے۔ کینیا کو پاکستان کی برآمدات 242 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہیں جبکہ درآمدات 442 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہیں۔ مشترکہ کوششوں سے اس تجارتی حجم کو کم از کم 2 بلین ڈالر تک لے جانے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ لک افریقہ پالیسی کے تحت پاکستان افریقی خطے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے وفد کے اراکین کو بتایا کہ وہ مختلف تجارتی وفد افریقی ممالک لے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ یونٹس ٹریکٹر تیار کرنے کی صلاحیت ہے ۔ پاکستان کی ٹریکٹر انڈسٹری کینیا کی ضروریات پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اس شعبہ میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
کینیا پاکستان میں مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے: کینیا کا وفد
Media Network Pakistan