نئی حکومتی ٹیم کے پاس معاشی منصوبہ ہونا چاہیے: ظفر محمود چودھری

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ظفر محمود چوہدری نے کہا ہے کہ نئی حکومتی ٹیم کے پاس ملک کی معاشی ترقی کے لیے ایک منصوبہ ہونا چاہیے کیونکہ گزشتہ پانچ سالوں میں معاشی چیلنجز کئی گنا بڑھے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ ایک درآمدی اور برآمدی پالیسی کی اشد ضرورت ہے جو تاجر برادری کی مشاورت سے تشکیل دی جائے۔انہوں نے معیشت میں گہری دلچسپی لینے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف نے جو کردار ادا کیا اس نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیاں سیاسی جماعتوں کے منشور کا اہم حصہ ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے بشرطیکہ ٹیکس کے نظام کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات کو دور کیا جائے، ریفنڈز کی ادائیگی تیزی سے کی جائے، صوابدیدی اختیارات ختم کر دیے جائیں ، زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے کام کیا جائے اور یوٹیلٹی کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کردار کو پرائیویٹ سیکٹر کے لیے سہولیاتی ہونا چاہیے۔ ٹیکس کا نظام پیچیدہ ہے جسے آسان ہونا چاہیے، ٹیکسوں کی تعداد اور ادائیگیوں کی تعدد کو کم کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح، ٹیکس دہندگان اور ٹیکس کے محکموں کے درمیان الیکٹرانک رابطہ ہونا چاہیے۔ ان اقدامات سے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرحدوں پر سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرے اور وہاں تعینات فرنٹیئر کور کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کر کے انہیں مزید چوکس بنایا جائے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایسی اشیا پر ڈیوٹی کم کی جائے جو سمگلنگ کے لیے کشش رکھتی ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں