لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے مشترکہ طور پر لاہور چیمبر میں پنجاب جاب سنٹر قائم کردیا ہے جس کا مقصد لیبر مارکیٹ میں ایک انقلاب لانا اور مشکل حالات میں سماجی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ قاسم افضل اور ڈائریکٹر لیبر عمران حیدر ٹیپونے اس موقع پر خطاب کیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ پنجاب جاب سنٹر کے قیام کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ، ملازمین کو آجرین کے ساتھ منسلک ہونے میں مدد ملے گی اور روزگار کے مواقع کی فراہمی میں آسانی آئے گی۔ پی آئی ٹی بی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قاسم افضل نے اس تاریخی منصوبے میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اور پی آئی ٹی بی کی مشترکہ کوششوں سے ایک قابل اعتماد پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے جو جاب مارکیٹ کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرے گااور ساتھ ہی صنعتوں کو ایک وسیع تر ٹیلنٹ پول تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جاب سنٹر کی ایک اہم خصوصیت اس کے ورکنگ ہیومن کیپیٹل کا جامع ڈیٹا بیس ہے۔ مزید برآں، باہمی اشتراک کو مزید بامعنی بنانے کے لیے لاہور چیمبر اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں جس پر عمل درآمد سے لاہور بھر میں سٹریٹجک مقامات پر یوپی ایس اور سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس کیوسک کمپنیوں مشینیں لگائی جائیں گی۔ یہ کیوسک پنجاب جاب سنٹر کے ہیومن کیپیٹل کے مرکزی ڈیٹا تک رسائی میں مدد کریں گے۔
لاہور چیمبر میں صدر کاشف انور نے پنجاب جاب سنٹر کا افتتاح کردیا
Media Network Pakistan