کراچی(ایم این پی) پاکستان شوبز کی اداکارہ میزبان اور معروف ڈرماٹالوجسٹ شائستہ لودھی کا کہنا ہے کہ گورا رنگ خوبصورتی کی علامت نہیں ہے۔
حال ہی میں شائستہ لودھی ایک پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے خوبصورتی اور اس سے جڑے لوگوں کے طے کردہ معیار پر بات کی۔
شائستہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی ایسا انجیکشن نہیں ہے جو کسی کو گورا کر سکے اور نہ ہی گورا رنگ خوبصورتی کی علامت ہے۔
شائستہ نے کہا کہ یہ انجیکشن صرف اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو کہ انسان کے جسم کو صاف کرنے کام کرتا ہے مگر کیونکہ اسے پاکستان اور بھارت جیسے ملکوں میں فروخت کرنا تھا اس لئے وائٹننگ انجیکشن کا نام استعمال کیا گیا۔
شائستہ نے انکشاف کیا کہ ان کے کلینک میں مائیں 6 ماہ کے بچوں کو لے کر آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ انہیں کوئی ایسی دوا یا کریم دیں کہ یہ گورے ہو جائیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ کچھ خواتین اپنی 13، 14 سالہ لڑکیوں کو لے کر آتی ہیں اور انہیں گورا کرنے کا مطالبہ کرتی ہیں جس پر وہ سوچتی ہیں کہ ہم کتنے ذہنی غلام ہیں خود ہی اپنے بچوں کو احساس کم تری میں ڈال دیتے ہیں۔