فواد خان کا اپنی بیماری سے متعلق انکشاف

Media Network Pakistan

کراچی(ایم این پی) پاکستان شوبز کے سُپر اسٹار فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 17 برس کی عمر سے ذیابطیس میں مبتلا ہیں۔

فواد خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے لڑکپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ 17 سال کے تھے تو ان کا جسم آٹو امیون رسپانس سے گزر رہا تھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اسکول کے دنوں میں بہت پھرتیلے تھے اور کھیلوں کے شوقین تھے تاہم ذیابیطس ٹائپ ون کی تشخیص کے بعد ان کے سارے شوق ختم ہوگئے تھے۔

فواد خان نے اپنی بیماری سے متعلق بتایا کہ ’صرف 17 سال کی عمر سے مجھے انسولین کے انجیکشن لگائے جاتے تھے۔ ذیابیطس کے ابتدائی دنوں میں مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوتی تھی۔ جسم میں شوگر لیول کم ہو تو ایسا لگتا ہے کوئی آپ کی روح کھینچ رہا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اکثر میں فرش پر بھی گِر جاتا تھا، سانس لینے میں بہت دشواری ہوتی تھی اور بےحد پسینے آتے تھے۔‘

اداکار نے بتایا کہ وہ ایک مشکل وقت تھا جس سے انکے والد بھی جذباتی طور پر بہت متاثر ہوئے کیونکہ وہ پہلے ہی اپنے ایک بیٹے کو کھو چکے تھے۔

فواد خان نے بتایا کہ اسکول کے دور میں وہ ہر وقت اپنے ساتھ ایک بوتل رکھتے تھے جس میں انسولین کی شیشی، سرنج اور برف ہوتی تھی، جسے وہ ہمیشہ ساتھ رکھتے تھے۔

یاد رہے کہ فواد خان نے اپنے اسکول کے دنوں میں اپنے بینڈ کے ساتھ گلوکاری کا آغاز کیا تھا جبکہ کالج کے دنوں میں وہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ چکے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں