غریب کے پاس کھانا نہیں، امیر کیلیے قانون بدل جاتا ہے، وزیر دفاع

Media Network Pakistan

اسلام آباد(ایم این پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں غریب کے پاس کھانا تک نہیں جب کہ امیر کے لیے قانون بدل دیا جاتا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کی 80 فیصد آبادی 2 وقت کا کھانا نہیں کھاسکتی۔ یہاں امیر کے لیے کوئی قانون نہیں اور عام آدمی کو جیل میں ڈال دیاجا تا ہے ۔ امیر کےلیے قانون میں ترامیم کردی جاتی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کمپنیاں 500 ارب کا ٹیکس چوری کر رہی ہیں۔ جب تک کڑوی گولی کھا کر ان مسائل کا علاج نہیں کریں گے، یہ ٹھیک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ایسے ایسے لوگ ہیں جن کا ٹی وی چینلز پر نام نہیں لے سکتے۔ ڈاکو اس ملک میں قوم کو تعلیم دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ میں 500 ارب روپے کی ٹیکس چوری، چائے درآمد کرنے میں 45 ارب کی ٹیکس چوری ہوتی ہے۔ جس ملک میں ہزاروں ارب روپے کی چوری ہو، وہاں بجٹ کیسا پیش ہوگا؟۔ہمیں اس ٹیکس چوری کا مستقل حل تلاش کرنا ہو گا۔ نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی۔ اسحاق ڈار نے بجٹ میں ناممکن کو ممکن بنانے کی کوشش کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں