سمندری طوفان مزید قریب، جمعرات تک کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے ٹکرانے کا امکان

Media Network Pakistan

کراچی: سمندری طوفان بائپر جوائے مزید قریب آتا جا رہا ہے، جس کا جمعرات 15 جون تک کیٹی بندر (ٹھٹھہ) اور بھارتی گجرات سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بائپر جوائے کا رُخ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران بدستور شمال کی جانب رہا اور اب اس کا فاصلہ کراچی سے 600 اور ٹھٹھ سے 580 کلومیٹر رہ گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفان کا 14 جون تک شمال کی طرف بڑھتے رہنے کا امکان ہے جس کے بعد یہ شمال مشرق و جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کے درمیان 15 جون کی دوپہر ٹکرا سکتا ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ سمندری طوفان ٹھٹھہ سے قریب تر ہوتا جا رہا ہے، اس کے اِرد گِرد ہواؤں کی رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے جب کہ طوفان میں 40 فٹ بلند لہریں پیدا ہو رہی ہیں۔

بائپر جوائے 15 جون کی دوپہر تک کیٹی بندر (سندھ) اور گجرات (بھارت) کو کراس کرے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے اثرات کے طور پر کراچی میں 13 سے 16 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیزبارش اور آندھی کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 13 سے 17 جون کو ٹھٹھ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آندھی کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں