لاہور چیمبر مسلح افواج کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتا ہے: کاشف انور

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملک کے دفاعی اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے افواج پاکستان پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ تاجر برادری مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے مگر اس کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہونا چاہیے، امن و امان برقرار رکھنا بھی سب کی بنیادی ذمہ داری ہے، احتجاج کے حق کو تاریخی عمارتوں یا نجی املک کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال نہ کیا جائے، احتجاج پرامن اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہونا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں مسلح افواج کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے افواج پاکستان کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور قوم کو اندرونی و بیرونی خطرات سے بچانے کے لیے قربانیوں کو تہہ دل سے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری قومی سلامتی اور ترقی کے لیے مسلح افواج کے عزم اور صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی ہے، تاہم امن و عامہ کے حالات خراب کرنے اور تاریخی اثاثوں کو تباہ کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں