لاہور(ایم این پی) پنجاب میں شر پسند عناصر کی جانب سے سرکاری و نجی املاک و تنصیبات پر دھاوا بولنے اور نقصان پہنچانے کے معاملے پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ صوبے کو کچھ روز میں شرپسند عناصر کی جانب سے بہت زیادہ تشدد و خون خرابہ کی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انتہائی اہم سرکاری و نجی املاک پر حملہ کرکے آگ لگائی گئی۔ شر پسند عناصر کے ان اقدامات سے سرکاری و نجی املاک کو بھاری مالی نقصان ہوا۔
پنجاب حکومت کے مطابق عوام کا تحفظ کرتے ہوئے متعدد قانون نافذ کرنے والے افسران و جوانوں زخمی ہوئے۔ پنجاب حکومت تشدد پسند عناصر کی جانب سے ایسی تمام کارروائیوں کو روکنے کے لیے متحد ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اپنی ٹیم کے ہمراہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کو پنجاب حکومت کی جانب سے امن و امان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ کے لیے تیار ہوں جبکہ امن و امان کی صورتحال سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی بریفنگ تیار ہے۔