لاہور (ایم این پی)چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ برآمدات کو فروغ دینے ، صنعتی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے اور دیگر ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں اکنامک ڈپلومیسی کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں گولڈن رنگ اکنامک فورم سیریز کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گولڈن رنگ اکنامک فورم کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سکندر افضل، صدرحسنین رضا مرزا، ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی عابد شیروانی اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے بھی خطاب کیا۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ جہاں تک اکنامک ڈپلومیسی کا تعلق ہے تو اس سلسلے میں لاہور چیمبر بھرپور کوششیں کررہا ہے، غیرملکی سفارتکاروں اور کاروباری برادری سے روابط اس کی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ ملنے سے تجارت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی معاہدوں کا جائزہ لینے اور ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے اکنامک ڈپلومیسی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور گولڈ رنگ ریجن میں واقع ممالک جیسا کہ روس، چین، ترکی، ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ نئے تجارتی معاہدوں پر بات کی جائے۔ انہوں ممالک کی عالمی تجارت چھ ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہے جس میں پاکستان کا حصہ محض 0.8فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کی درآمدات کا 76فیصد حصہ ان اشیاءپر مشتمل ہے جو پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کو برآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گولڈرنگ ریجن میں برآمدات کو فروغ دیکر تجارتی خساہر پر قابو پاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش اور نئی مصنوعات متعارف کرانے کی بھی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، اس کے لیے سازگارماحول پیدا کرنا ہوگا۔ حکومت خصوصی اقتصادی زونز اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز بھی قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی صنعت قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اور کاروباری پس منظررکھنے والے افراد کو سفیر کی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔
اکنامک ڈپلومیسی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے: لاہور چیمبر
Media Network Pakistan