بیوریج اور کنفکشنرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں: کاشف انور

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) بیوریج اور کنفیکشنرز کے ایک وفد نے طاہر انجم کی سربراہی میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور سے ملاقات کی اور انہیں اس شعبہ کو درپیش مسائل و تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران صرف چینی کی قیمت میں بھاری اضافہ ہوا ہے اور ان تمام پروڈکٹس میں چینی کا کلیدی استعمال ہوتا ہے جس سے کاروباری لاگت میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے۔ پہلے ہی کنفیکشنری پروڈکٹس کی قیمت میں ہوشربا اضافے ہوئے ہیں جس سے مارکیٹ شیئر میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینڈی ، سافٹ ڈرنک کی قیمت کو مزید بڑھانے سے خریداری کا رحجان مزید کم ہوجائے گا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی کی قیمت کو فی الفور کنٹرول کیا جائے اور کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس کو بڑھنے سے روکا جائے تاکہ مہنگائی میں کمی ہو۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے وفد کو بھرپور تعاون کی یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس سیکٹر کے تحفظ اور کاروباری لاگت میں کمی لانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار افراد کا روزگار کنفیکشنری کے کاروبار سے منسلک ہے، کاروباری لاگت بڑھنے سے اس شعبہ کے مسائل مزید بڑھیں گے، کاروبار بند ہونگے اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت میں بھاری اضافے نے اس سیکٹر کو بری طرح متاثر کیا ہے ، حکومت کو ان عوامل کا پتہ چلانا اور ان پر قابو پانا چاہیے جن کی وجہ سے کنفیکشنرز کے بنیادی خام مال کی قیمت میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں