پاکستان میں لوگ اداکار اور کردار میں تفریق نہیں کر پاتے : سبینہ فاروق

Media Network Pakistan

لاہور ( ایم این پی) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ سبینہ فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی شائقین، پاکستانی شائقین سے کہیں بہتر ہیں، پاکستان میں لوگ اداکار اور کردار میں تفریق نہیں کر پاتے۔

سبینہ فاروق سنہ 2016 سے ڈرامہ انڈسٹری میں کام کر رہی ہیں، انہوں نے انڈسٹری کے منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کیا اور اب تک ایک ویب سیریز اور نو ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔

حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا ہے کہ بھارتی شائقین، پاکستانی شائقین سے کہیں بہتر ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ہندوستانیوں کی جانب سے ہمیشہ مثبت رائے اور تعریف ملتی ہے، وہ ان پر ذاتی حملہ نہیں کرتے جبکہ پاکستانی ہمیشہ اُن کے لئے نفرت بھرے تبصرے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ اداکار اور کردار میں تفریق نہیں کر پاتے ، مجھے پاکستانی مداح نفرت انگیز پیغامات بھیجتے ہیں اور مجھے میرے اپنے ہی ملک سے زیادہ پذیرائی نہیں مل رہی۔

خیال رہے کہ اداکارہ سبینہ فاروق ڈرامہ سیریل ’تیرے بِن‘ میں حیا کا کردار نبھا رہی ہیں جو ایک منفی کردار ہونے کے باوجود ناظرین میں مقبول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں