اسلام آباد(ایم این پی) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عہد ساز دن ہے جو ہمیں ماضی کی یاد دلاتا ہے اور آج کا دن موجودہ حالات پر غور و فکر کی دعوت اور خوشحال مستقبل کی تحریک دیتا ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام یقیناً 20 ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، گزشتہ 75 سال کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبرد آزما ہوتے اور قدرتی آفات سمیت بہت سے بہرانوں سے نمٹتے دیکھا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کئی مواقع ایسے آئے کہ ہم نے مشکلات پر قابو پایا اور کئی سنگ میل حاصل کئے، ہم نے ان چیلنجز کو نظر نہیں کرنا جو ہمارے سامنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عہد ساز دن ہے جو ہمیں ماضی کی یاد دلاتا ہے، آج کا دن موجود حالات پر غور و فکر کی دعوت اور خوشحال مستقبل کی تحریک دیتا ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا اور ریلیاں نکالی جائیں گی، شرکا حوصلوں، امنگوں اور ہمت و جرات کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔