لاہور (ایم این پی) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ظفر محمود چودھری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خام مال کی امپورٹ پر پالیسی جاری کرے کیونکہ خام مال کی عدم دستیابی انڈسٹریل پروڈکشن کو متاثر کررہی ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ظفر محمود چودھری نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے ایل سی جاری کرنے سے انکار کی وجہ سے صنعتوں کو خام مال کی قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے صنعت کی مقامی طلب کو پورا کرنے کی صلاحیت اور برآمدات کا حجم دونوں ہی کم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خام مال کی کمی کی وجہ سے پروڈکشن کم ہورہی ہے اور کاروباری شعبہ مجبورا ملازمین کو فارغ کرنے پر مجبور ہے جبکہ دکانوں کے مالکان نئی ملازمتیں دینا بھی بند کررہے ہیں جس سے بے روزگاری کی شرح دوگنی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خام مال کی کمی کے مسئل پر فورا قابو نہ پایا گیا تو پہلے سے دباﺅ کی شکار معیشت کو مزید نقصان پہنچے گا۔ ظفر محمود چودھری نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کے پاس خام مال کی درآمد کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو اس اہم مسئلہ پر فوری طور پر پالیسی اعلامیہ جاری کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے بارہا حکومت پر زور دیا ہے کہ ایل سیز کا مسئلہ حل کیا جائے لیکن تاحال پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مختلف اشیاءکی قلت بھی پیدا ہوجائے گی لہذا حکومت صورتحال کا فوری نوٹس لے اور اس مسئلے کا حل نکالے۔
خام مال کی عدم دستیابی انڈسٹریل پروڈکشن متاثر کررہی ہے: ظفر محمود
Media Network Pakistan