رانا ثنا اللہ کی اعلانیہ دھمکیاں، عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے: چودھری پرویز الہٰی

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے ڈنمارک کے اہم سیاسی رہنما چودھری شوکت علی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر چودھری وجاہت حسین اور چودھری موسیٰ الہٰی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور محسن رضا نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، عمران خان اس وقت صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما ہیں، مسلم لیگ (ن) اور نگران حکومت پنجاب میں الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں، رانا ثنا اللہ کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کو براہ راست ہدایات دے رہے ہیں، نگران وزیر اعلیٰ نے لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر دی ہیں، وہ رانا ثنااللہ کے ساتھ جلد مجرموں کے کٹہرے میں ہوں گے، ملکی تاریخ میں کبھی کسی رہنما کے گھر پر پولیس فورس نے ایسے وحشیانہ حملہ نہیں کیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ نے 18 مارچ کو حاضر ہونے کا کہا، پولیس کس کے کہنے پر چار دن پہلے ہی زمان پارک پر حملہ آور ہوئی، عمران خان کے خلاف (ن) لیگ کی بدنیتی اور مکروہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں