لاہور چیمبر کے زیر اہتمام 14 سے 20 اپریل تک پاکستان شاپنگ فیسٹیول منعقد کیا جائے گا

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 14 سے 20 اپریل تک ایکسپو سینٹر لاہور میں پاکستان شاپنگ فیسٹیول کا انعقاد کر رہا ہے جس کا تھیم سال کی سب سے بڑی سیل ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبرتجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کررہا ہے۔ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے، لاہور چیمبر نے برانڈ ہب کے ساتھ مل کر ایکسپو سنٹر، لاہور میں 14 سے 20 اپریل 2023 تک ”پاکستان شاپنگ فیسٹیول“ کے انعقاد کا بیڑا اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد اپنے ملک کا سافٹ امیج اجاگر کرنا، کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرنا اور مختلف سرگرمیاں پیدا کر کے کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے تاجروں کو پاکستان شاپنگ فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس کا حصہ بن کر وہ اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کر سکتے ہیں۔ اس میں لاہور چیمبر کے 30 ہزار سے زائد ممبران کو مدعو کیا جائے گا، تمام ٹریڈ باڈیز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو بھی مدعو کیا جائے گا، حکومت پنجاب کے تعاون سے خصوصی الیکٹرانک، پیپر میڈیا اور سوشل میڈیا کوریج، وسیع انڈور اور لاہور شہر کے ایکسپو سینٹر اور پرائم لوکیشنز میں آو¿ٹ ڈور اشتہارات کے مواقع، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی قومی شخصیات کی شرکت اور متنوع رنگا رنگ تقریبات میں اسپانسرشپ کے مواقع بھی اس کا حصہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں، تاجروں، کاروباری اداروں، کو اس منفرد موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دریں اثنا، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایک ملٹی اسپیشلٹی ڈینٹل کلینک لا ڈینٹل ایستھٹیک نے منگل کو مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور لا ڈینٹل ایستھٹیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر میصم جاوید نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ایم او یو کے ذریعے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایل سی سی آئی کا ممبرشپ کارڈ پیش کرنے پر لاہور چیمبر کے ارکان (بشمول خاندان کے افراد) کو صحت کی تمام خدمات پر 15 فیصد رعایت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں