لاہور (ایم این پی) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ فواد چودھری گھڑی کے حوالے سے ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہا ہے، ان کے بکاؤ صحافی بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں یوتھ پاکستان کے کام آئے اور پاکستان آگے بڑھے، میں نے لاہور کالج سے ایف ایس سی کی تھی، نوجوانوں کو سمت دکھانا لیڈر شپ کا کام ہے، پاکستان کو بیرونی تھریٹ نہیں ہے، پاکستان کو اندرونی تھریٹ ہے، جب ملک کی بات آئے گی تو اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آج کل سب کچھ آئی ٹی کی بنیاد پر ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم نے ٹیوٹا کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کروائیں، ہم نے بچوں کو یوتھ لون دیئے، جماعتوں کو صرف یوتھ کا نعرہ نہیں لگانا چاہیے، پارلیمنٹ میں بھی یوتھ کی بڑی تعداد ہونی چاہیے، کہیں یہ بات نہیں ہو رہی کہ یوتھ کیلئے کیا کرنا ہے، بنگلا دیش کہاں نکل گیا اور ہم کہاں بیٹھے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ خود گھر میں چھپ کر بیٹھے ہیں اور مار کھانے کیلئے بچوں کو سڑکوں پر چھوڑا ہوا ہے، عمران خان کہتے ہیں مریم نواز کو الیکشن مہم کی آزادی ہے مجھے نہیں، مریم کو یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی گئی، 4 سال جن حالات کا ہم نے سامنا کیا ان کو تو کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی، عمران خان کی حکومت میں میرا ملتان میں جلسہ تھا، انہوں نے جلسہ نہیں کرنے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے گاڑی پر کھڑے ہو کر جلسہ کرنا پڑا، آج کہتے ہیں مریم نواز کو آزادی ہے، تمہیں کس نے کہا ہے کہ بیڈ کے نیچے چھپ جاؤ؟، نواز شریف صاحب نے قوم کے کسی بچے کو جیل میں نہیں ڈالا، وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل گئے، ظل شاہ کی ماں نے کہا عمران خان کے اپنے بچے تو باہر بیٹھے ہیں، میرا بیٹا مروا دیا، وہ ظل شاہ کے گھر تک نہیں گئے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ قوم کا جو بیٹا شہید ہوا آپ کے دل میں اس کی عزت یہ تھی؟، پی ٹی آئی کارکن کی گاڑی میں ظل شاہ کو ہسپتال پھینک گئے، ان کو پتہ تھا اس کا ایکسیڈنٹ ہوا، ان کو سچائی کا پتہ تھا انہوں نے سچائی چھپائی، لیڈر یہ نہیں کہتا کہ چیک کرو باہر پولیس بیٹھی ہے یا نہیں، ظل شاہ باہر بیٹھا رہا اس نے کبھی اس کو منہ نہیں لگایا، اب اس کی لاش پر سیاست کر رہا ہے۔