اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عدم پیشیوں کی تفصیلات جاری کر دیں

Media Network Pakistan

اسلام آباد (ایم این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست پر اپنے تحریری فیصلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدم پیشیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ تحریری فیصلے کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ کیس میں مسلسل 7 مرتبہ حاضر نہیں ہوئے۔

تحریری فیصلے کے مطابق عمران خان مسلسل آئین کی پامالی کر رہے ہیں، 15 دسمبر 2022 سے اب تک ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان 13 مارچ کو بھی عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے تو وارنٹ گرفتاری دوبارہ بحال ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سیشن کورٹ کی جانب سے عمران خان کے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے تھے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو حکم دیا کہ وہ 13 مارچ کو سیشن عدالت میں پیش ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں