اسلام آباد(ایم این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن 90 دن کے اندر ہر صورت ہونے ہیں، انتخابات کا اعلان کس نے کرنا ہے اس نقطے پر زیادہ بحث رہی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا اہم کیس ہے، ہم بھی چاہتے ہیں سب کا اتفاق رائے ہو، ان کے مطالبات یہ ہیں کہ پہلے عمران خان کو ڈس کوالیفائی کرو پھر نواز شریف کے کیسز معاف ہونے چاہیئں، ان حالات میں کیسے اتفاق رائے ہو گا، شریف فیملی نے اپنے آپ کو جنرل ضیاالحق کا جانشین ثابت کیا ہے، زرداری صاحب جنرل ضیا الحق کو اپنا پیر مان چکے ہیں۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی محافظ ہے، آئین کی حفاظت کیلئے سپریم کورٹ نے قدم اٹھایا، مسلم لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا پرانی اسٹرٹیجی ہے، مسلم لیگ (ن) ججز کو تقسیم کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے، عوام سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سب کو پتا ہے سپریم کورٹ میں تقسیم بڑھانے میں کون سے گروپ کام کر رہے ہیں، فل کورٹ میٹنگ میں ججز اپنے اختلافات کو دور کریں، ہمارا مطالبہ ہے انتخابات 90 دن سے آگے کسی صورت نہیں جا سکتے۔