Media Network Pakistan
لاہور(ایم این پی)انسانی حقوق (سی ایل ایم) کے چیئرمین سلمان خواجہ نے پاک ٹی ہائوس نیلا گنبدلاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مسیحیوں کودرجہ چہارم میں شامل کرنا بہت بڑا ظلم ہے کیونکہ انسانوں میں درجہ بندی کرنے کامطلب نا انصافی ہے۔جہاں نا انصافی ہو گی وہاں انسانوں کے حقوق غصب ہوں گے۔آج پاکستان میں مسیحیوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے حالانکہ اسلام کی رو سے کسی گورے کو کسی کالے پر اور کسی کالے کو کسی گورے پر کوئی فوقیت حاصل نہیں اور نہ ہی اسلام کسی دوسرے مذہب کو بُرا کہنے کی اجازت دیتا ہے۔
ننکانہ صاحب میں مشتعل افرادکے ہاتھوں توہین ِمذہب کے نام پرقتل ہونے والے نوجوان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور اس واقعہ کی مزیدتحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتیں تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔یہ حکومت ِوقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے ہر شہری کو مساوی اور یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کرے۔چیئرمین شعبہ انسانی حقوق(سی ایل ایم)سلمان خواجہ نے صحافیوں کومخاطب کرتے ہوئے پاکستان میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے مسیحی برادری کے حقوق کے لیے آوازبلندکرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی بھی پاکستانی ہیں اور اس ملک سے اتنی ہی محبت کرتے ہیںجتنی پاکستان کا ہر مسلمان ۔چیئرمین سلمان خواجہ نے کہا کہ حکومت ِوقت اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسیحیوں کے حقوق بحال کریں اور بلا امتیاز انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ ہم(سی ایل ایم) کے پلیٹ فارم سے انکی آواز، ہمیشہ بلند کرتے رہیں گے۔ آخر میں فنانس سیکرٹری (سی ایل ایم) اویس احمد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ( سی ایل ایم )کے تمام عہدیداران چیئرمین (سی ایل ایم) شعبہ انسانی حقوق کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اپنہی تقاریر میں ہمیشہ عیسائی، ہندو، سکھ اور دیگر اقلیتوںکے حقوق کی بات کرتے رہے اور ہم بانیِ پاکستان کے خیالات کی پیروی چاہتے ہیں۔حکومت ِوقت ،ہماری عدلیہ اورمذہبی راہنمااقلیتوں کے حقوق کی بحالی اورملک میں رہنے والے تمام انسانوں کے لیے برابری کی سطح پر ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی بات کریں تاکہ آسیہ بی بی جیسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔سی ایل ایم کے مسیحی برادار ی کے عہدیداران مسٹرسیموئیل،مسٹر پیٹر،جاویدمسیح،یوسف مسیح،سونا مسیح،برکت مسیح نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔شعبہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے سیدآغاحسین نقوی،امجدعلی برکت ،مستنصرامین خان،مہرطارق،عمران حیدر،مِس زیتون ریاض،جمیل احمداورسجاد یونس نے بھی اپنے اپنے خیالات کااظہارکیا۔پریس کانفرنس میں انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی دیگراین جی اوزکے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔